ایک جاپانی شخص نے جانوروں کی طرح ہاتھوں اور پاؤں کے بل دوڑتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، اس نے 328 فٹ کا فاصلہ صرف 14.55 سیکنڈز میں طے کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 22 سالہ ریوسے یونے نے ہاتھوں پاؤں کے بل 100 میٹر تیز ترین دوڑ کا ریکارڈ بنایا اور امریکی کولن میک کلور کے 2022ء کے 15.66 سیکنڈ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یونے نے بتایا کہ میں مڈل اسکول سے ہی ہاتھوں پاؤں کے بل دوڑنے کی مشق کر رہا ہوں۔
انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ میرے ٹیچر نے کہا تھا کہ 4 ٹانگوں والے جانور زیادہ تیز دوڑ سکتے ہیں، اس بات نے مجھے سوچنے پر مجبور کیا کہ میں بھی سب سے تیز ہاتھوں پاؤں کے بل دوڑنے والا انسان بن سکتا ہوں۔
یونے نے کہا کہ میں نے اس ریکارڈ کی تیاری کے لیے دیکھا کہ کتے، بلیاں اور بندر کس طرح چاروں ٹانگوں پر دوڑتے ہیں، ریس ٹریک پر دوڑنے کے لیے اپنی تکنیک ڈھالنے میں مجھے وقت لگا، میں زیادہ تر ریت پر ٹریننگ کرتا تھا، ٹریک میں زیادہ ریباؤنڈ ہوتا ہے، جس نے میری دوڑنے کی فارم بدل دی۔
ایتھلیٹ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید عالمی ریکارڈ میرے سامنے ہیں، جن کے حصول کے لیے میں پہلے سے زیادہ محنت کروں گا، چاہتا ہوں کہ ہاتھوں پاؤں کے بل دوڑنے والے اس کھیل کو آگے بڑھاؤں، چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں کیوں نہ ہو اس مقابلے میں حصہ لوں۔