کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک اژدھا کسی ہرن کو زندہ سلامت نگل جائے اور پھر کچھ عرصے بعد اسے بغیر نقصان پہنچائے واپس اگل دے؟ تاہم ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا جسے سائنس دانوں نے ریکارڈ کرلیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں برمی نسل کے ایک اژدھے کو اس غیر معمولی عمل کے دوران دیکھا گیا، سائنس دانوں کے مطابق یہ منظر ان کے لیے نہایت دلچسپ تھا جب سانپ نے سکون سے پہلے سے نگلا گیا ہرن باہر نکال دیا۔
اس انوکھے واقعے پر مبنی تحقیق جرنل ایکالوجی اینڈ ایوولوشن میں شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ یہ مشاہدہ نومبر 2024ء میں کیا گیا تھا، جب سائنس دان ان سانپوں کی غذائی عادات پر تحقیق کر رہے تھے۔
تحقیقی ٹیم کے رکن اور یو ایس جیولوجیکل سروے کے بائیولوجسٹ مارک سینڈفوس نے کہا کہ اژدھے اکثر ایسی چیزیں کر گزرتے ہیں جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔
ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ کسی برمی اژدھے کو ہرن کو نگلنے کے بعد اگلتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ 1970ء کی دہائی کے بعد سے فلوریڈا میں برمی اژدھوں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس نے مقامی ہرنوں کی تعداد کو متاثر کیا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ان اژدھوں کے شکار کرنے سے مقامی ہرنوں کی آبادی کم ہو رہی ہے اور خدشہ ہے کہ وہ دیگر جانوروں کی خوراک میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عام طور پر اژدھے چھوٹے جانوروں کو شکار بناتے ہیں، لیکن موقع ملنے پر ہرن اور مگرمچھ جیسے بڑے جانوروں کو بھی سالم نگل لیتے ہیں، اپنے لچک دار جبڑوں کی وجہ سے یہ سانپ شکار کو باآسانی پورا نگل لیتے ہیں۔