بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے ماحولیات کے کارکن وانگچک کی گرفتاری پر شہریوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا ایشیاء کپ کا فائنل نہ دیکھنے کی اپیل کر دی۔
ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے ماحولیات کے کارکن سونم وانگچک کی گرفتاری پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک شخص جس نے فوج کے لیے سولر ٹینٹ جیسی ٹیکنالوجی بنائی، اسے نیشنل سیکیورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتار کر کے غدار قرار دیا جا رہا ہے، لیکن اسی وقت پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلا جا رہا ہے، یہ کیسی حب الوطنی ہے؟
انہوں نے بھارتی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایشیاء کپ کے فائنل میچ کو نہ دیکھیں اور کمپنیوں سے کہا ہے کہ میچ کی نشریات کے دوران اشتہارات نہ دیں۔
خیال رہے کہ سونم وانگچک کو جمعے کے روز لداخ میں ریاستی حیثیت اور آئینی تحفظ کے مطالبات پر ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، ان مظاہروں میں 4 افراد ہلاک اور 90 لوگ زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے وانگچک پر نیشنل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور انہیں جودھ پور جیل منتقل کر دیا۔
دوسری جانب بھارت اور پاکستان کے درمیان ایشیاء کپ کا فائنل آج دبئی میں کھیلا جا رہا ہے۔