مصنّف: رانا محمّد شاہد
صفحات: 206، قیمت: 1000روپے
فون نمبر: 7094506 - 0345
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف نوجوان لکھاری ہیں، اُنہوں نے بہ یک وقت ادب کی مختلف جہتوں پر کام کیا ہے، صحافی بھی ہیں اور کالم نگار بھی۔ نقّاد بھی ہیں اور دانش وَر بھی۔ زیرِ نظر کتاب عہدِ رواں کے 19ممتاز شعراء اور قلم کاروں پر لکھے گئے مضامین پر مشتمل ہے۔ اِس کتاب کے حوالے سے نسیمِ سحر، ڈاکٹر زاہد منیر عامر، جمیل احمد عدیل، خالد جاوید اور ڈاکٹر عارف حسین عارف نے بھی مضامین تحریر کیے ہیں اور رانا محمّد شاہد کے کام کو اہم قرار دیا ہے۔ کتاب کا ہر مضمون انفرادیت کا حامل ہے۔
یہ رانا محمّد شاہد کی چھٹی کتاب ہے، یہ وہ تبصرے ہیں جو مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ بقولِ نسیمِ سحر’’موضوع کے لحاظ سے کچھ مضامین بظاہر عمومی نوعیت کے ہیں، مگر انہیں بھی رانا محمّد شاہد کے قلم کی زرخیزی نے خصوصی نوعیت عطا کردی ہے۔‘‘ مصنّف کی ادبی عُمر تو زیادہ نہیں، لیکن اُن کا اندازِ تحریر نہایت سہل اور کہنہ مشقی کی دلیل ہے۔
ڈاکٹر زاہد منیر عامر کا کہنا ہے کہ’’رانا محمّد شاہد کی یہ تحریریں قاری کو زیرِ بحث کتاب کے مطالعے کی جانب مائل کرتی چلی جاتی ہیں۔ وہ جس تیز رفتاری سے لکھ رہے ہیں، اُس سے یہ اُمید کی جاسکتی ہے کہ ان کی اگلی کتاب اُن کے علمی موضوعات کا احاطہ کرے گی۔ یہ کتاب ڈیجیٹل دور میں کتاب کے حقیقی رُوپ سے وابستگی کی ایک مثال ہے۔‘‘