کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک عام سی جمائی بھی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے؟ برطانیہ میں 36 سالہ خاتون زوردار جمائی لینے کے باعث گردن کی ہڈی سرکنے کے خطرناک واقعے کا شکار ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی بلیک نامی خاتون صبح اپنی بچی کو دودھ کی بوتل دینے کے لیے اٹھیں، اسی دوران جب انہوں نے بیٹی کو جمائی لیتے دیکھا تو وہ بھی جمائی روک نہ سکیں۔
ہیلی کے مطابق جیسے ہی انہوں نے جمائی لی، انہیں اچانک جسم میں کرنٹ سا دوڑتا محسوس ہوا اور ان کا بازو غیر ارادی طور پر ہوا میں معلق رہ گیا، غیر معمولی کیفیت دیکھ کر انہوں نے اشارے سے شوہر کو ایمبولینس بلانے کا کہا، اسپتال پہنچنے پر وہ شدید تکلیف میں تھیں لیکن فوری طور پر ڈاکٹرز بھی اصل مسئلہ نہ سمجھ پائے۔
بعد ازاں گردن کا اسکین کیا گیا تو پتا چلا کہ جمائی لینے کے دوران ہیلی کی گردن کی C6 اور C7 ہڈیاں ریڑھ کی ہڈی سے آگے کھسک گئی ہیں۔
ڈاکٹرز نے اس کو ایک نایاب اور حیران کن واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہیلی کے بچنے کے امکانات صرف پچاس فیصد ہیں، فوری آپریشن کیا گیا اور خوش قسمتی سے وہ زندہ بچ گئیں، ہیلی نے تقریباً چھ ماہ وہیل چیئر پر گزارے تاہم اب وہ بڑی حد تک صحتیاب ہوچکی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں ہیلی نے کہا کہ اب ہر بار جمائی آنے پر خوف سا محسوس ہوتا ہے، اگر جمائی دبانے کی کوشش کروں تو بھی عجیب کیفیت طاری ہوجاتی ہے، صحتیابی کے باوجود آج بھی بازو، کمر اور گردن میں درد رہتا ہے۔