وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے منصوبے کا خیر مقدم کیا۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے 20 نکاتی منصوبے کا خیر مقدم کرتا ہوں، خطے میں فلسطینی عوام اور اسرائیل کے درمیان دیرپا امن سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یقین ہے صدر ٹرمپ اس معاملے کو حقیقت میں بدلنے میں مدد کے لیے مکمل تیار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں صدر ٹرمپ کی قیادت اور جنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی نمائندے کے کردار کو سراہتا ہوں، میرا پختہ یقین ہے خطے میں دیرپا امن یقینی بنانے کے لیے دو ریاستی تجویز پر عمل درآمد ضروری ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ امن کے لیے کچھ خاص ہونے والا ہے۔ ہم یہ کام کر کے دکھائیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔
ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے نیویارک میں عرب اور مسلم رہنماؤں کے ساتھ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے 21 نکاتی منصوبہ بھی پیش کیا تھا۔
صدرٹرمپ کے جنوری میں دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد نیتن یاہو کا یہ چوتھا دورہ ہے۔