نیپال نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی فل ممبر ٹیم ویسٹ انڈیزکو دوسری بار شکست دے کر سیریز جیت لی۔
شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے شکست دی اور تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 173 رنز بنائے، آصف شیخ نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سندیپ جورا نے 63 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین اور کائل ملز نے نیپالی ٹیم کے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 83 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جیسن ہولڈر نے 21، حکیم آگستے نے 17 اور عامر جنگو نے 16 رنز بنائے ۔
نیپال کے محمد عادل عالم نے 4اور خوشحال بھورتل نے 3 وکٹیں حاصل کیں، آصف شیخ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔