بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کی ایک خاتون انفلوئنسر نے منفرد انداز اپناتے ہوئے اپنے فالوورز سے نئے آئی فون 17 پرو میکس خریدنے کے لیے چندہ مانگنا شروع کردیا۔
خود کو ’بیوٹی کوئن آف لکھیم پور‘ کہنے والی ماہی سنگھ نامی انفلوئنسر نے حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ ایک، دو روپے کا تعاون کریں تاکہ میں21 اکتوبر کو اپنی سالگرہ پر نیا آئی فون خرید سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے مجھے 3 ماہ قبل آئی فون 16 تحفے میں دیا تھا، لیکن اب میں آئی فون 17 پرو میکس لینا چاہتی ہوں کیونکہ اس کا نیا رنگ مجھے بہت پسند آیا ہے، تاہم والد نے انکار کردیا جس کے بعد میں نے کراؤڈ فنڈنگ کا سہارا لیا۔
ماہی سنگھ نے کہا کہ اگر آپ سب ایک، دو، تین یا چار روپے بھیج دیں تو میں یہ فون خرید سکوں گی اور دل سے آپ سب کی شکر گزار رہوں گی، یہ میرا ڈریم فون ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 49 ہزار روپے ہے اور لانچ کے بعد سے ہی یہ فون نوجوانوں میں کافی مقبول ہو چکا ہے۔