بھارتی اداکار وشال برہما کو چنئی ایئرپورٹ پر منشیات کے ہمراہ گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں سائڈ رول ادا کرنے والے وشال برہما کے قبضے سے گزشتہ پیر کو 40 کروڑ روپے کی منشیات برآمد ہوئی تھی۔
آسام سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ اداکار سنگاپور سے فلائٹ AI 347 میں چنئی واپس پہنچے تھے کہ انہیں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے میتھاکولون نامی منشیات کے ہمراہ گرفتار کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کو مبینہ طور پر نائجیریا کے ایک گینگ نے پیسوں کے عوض منشیات سے بھرا ٹرالی بیگ لے جانے کی ہدایت کی تھی۔
حکام کے مطابق نائجیرین گینگ کو پکڑنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔