• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں ایک بار پھر تاج محل کو متنازع بنانے کی سازش

بھارت میں ایک بار پھر تاج محل کو متنازع بنانے کی سازش شروع ہوگئی ہے، نئی فلم "دی تاج اسٹوری" کے پوسٹر میں تاج کے گنبد سے شیو کی مورتی نکلتی دکھا دی۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ محبت کی علامت کی شہرت رکھنے والے تاج محل کو متنازع بناکر داغ دار کرنے کی سازش رچائی گئی ہو۔ کبھی یہ دعویٰ سامنے آتا ہے کہ تاج محل اصل میں راجیہ محلہ تھا۔ کبھی کوئی یہ کہہ دیتا ہے کہ تاج محل اصل میں شیو کے مندر پر بنایا گیا ہے۔

اداکار پریش راول نے تین دن پہلے نئی فلم "دی تاج اسٹوری" کا پوسٹر سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں تاج کے گنبد سے شیو کی مورتی نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔

اس بے ہودہ پوسٹر پر جب پریش راول کی ٹرولنگ ہوئی تو وہ پوسٹر ڈیلیٹ کرنے پر مجبور ہوگیا۔ ساتھ ہی فلم پروڈکشن ٹیم کا بیان شیئر کردیا۔

 بیان میں وضاحت کی گئی کہ "دی تاج اسٹوری" نہ تو مذہبی موضوع پر بنی فلم ہے نہ ہی اس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہاں شیو کا مندر تھا۔

مندر کی زمین پر تاج محل بنانے کے تنازع کی جڑ بھارت کے خود ساختہ مورخ پی این اوک کی 1989 کی کتاب ہے جس میں اوک لکھتا ہے کہ یہ جگہ جہاں تاج محل بنا ہے وہاں مغلوں سے بہت پہلے ہندو راجا جے شاہ نے مونومنٹ بنایا تھا۔ پی این اوک کے دعوے کی تردید بھارت کی جانی مانی مورخ ڈاکٹر راچیکا شرما نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کی۔

پھر 2018 میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نے تصدیقی خط جاری کیا کہ تاج محل مغل شہنشاہ شاہ جہاں اور اس کی بیوی ممتاز محل کا مقبرہ ہے۔ پر معاملہ یہاں دبا نہیں۔ خاص طور پر بی جے پی لیڈرز نے تاج کو اپنا ہدف بنائے رکھا۔

2022 میں رجنیش سنگھ نے ہائیکورٹ میں درخواست لگا کر تاج محل کی تاریخ جاننے کے لیے فیکٹ فائنڈنگ پینل بنانے کا مطالبہ کیا۔ رجنیش سنگھ نے کہا، ہندو مورتیاں ڈھونڈنے کے لیے تاج محل کے 22 بند کمرے کھلوائے جائیں۔

اس کے بعد 2022 میں ہی جے پی کی رکن اسمبلی دیا کماری نے دعویٰ کیا کہ جہاں تاج محل بنا ہے وہ جگہ اس کے پُرکھوں کی ہے۔

تاریخ داں ولیم ڈیل رمپل نے شیو مندر پر تاج محل بننے کے دعوے کو مضحکہ خیز اور بدنیتی پر مبنی بکواس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی این اوک ارجنٹینا کا اصل نام "ارجُن ٹینا" اور سیلز بری کا اصل نام شیوا پوری کہنے والا مضحکہ خیز شخص ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید