الاسکا کے کٹمائی نیشنل پارک اینڈ پریزرو میں ہونے والے سالانہ مقابلے فیٹ بیئر ویک 2025ء کا تاج اس بار چنک نے اپنے نام کرلیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چنک نے فتح حاصل کی، جبکہ پچھلے تین برس وہ مسلسل دوسرے نمبر پر رہا تھا۔
چنک کا جبڑا ٹوٹا ہوا ہے، اس کے باوجود مقابلے میں سب سے آگے رہا، منتظمین کے مطابق چنک کا وزن تقریباً 1200 پاؤنڈ اندازہ لگایا گیا، ریچھوں کو براہِ راست نہیں تولا جاتا بلکہ جدید لیڈر (LIDAR) ٹیکنالوجی سے ان کے حجم کا تخمینہ لگایا جاتا ہے۔
قدرتی ماہر مائیک فِٹز نے بتایا کہ چنک غالباً کسی دوسرے ریچھ سے لڑائی کے دوران زخمی ہوا، لیکن اس کے باوجود وہ بروکس ریور کے سب سے طاقتور ریچھوں میں سے ایک ہے۔
اس مقابلے کو دنیا بھر میں بے حد مقبولیت حاصل ہے، اس سال 12 ریچھوں کو لائیو کیمروں کے ذریعے دکھایا گیا اور مداحوں نے ایک ہفتے تک بریکٹ اسٹائل ووٹنگ میں حصہ لیا، منتظمین کے مطابق رواں برس ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ووٹ ڈالے گئے۔