بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں انٹرنیشنل ایتھلیٹکس مقابلوں کے دوران آواروں کتوں نے 2 کوچز کو کاٹ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں انٹرنیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں 2 غیر ملکی کوچز کو آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا۔
کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے کوچز میں سے ایک کا تعلق جاپان سے جبکہ دوسرے کا کینیا سے بتایا جاتا ہے۔
مقابلوں کے دوران گیٹ پر سیکیورٹی کے ڈیوٹی دینے والا ایک سیکیورٹی گارڈ بھی کتے کے حملے میں زخمی ہوا۔
کتے کے کاٹنے کے تینوں واقعات صرف 30 منٹ میں پیش آئے۔
دہلی میں کھیلوں کی مختلف چیمپئن شپز کے دوران کتے کے کاٹنے کا یہ پانچواں واقعہ ہے، اس کچھ روز قبل جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہی ایک اور واقعے کے دوران سیکیورٹی گارڈ، رضاکار اور اسٹیڈیم آفیشل کتوں کے حملوں کا شکار ہوئے تھے۔
ان واقعات کے بعد ایونٹ کے آرگنائرز نے نئی دہلی کے بلدیاتی اداروں سے درخواست کی کہ وہ ایونٹ کے دوران ارد گرد گھمتے آوارہ کتوں کے لیے انتظامات کریں۔ جس کے بعد کتوں کے پکڑنے کے لیے 2 گاڑیاں اسٹیڈیم پہنچادی گئی ہیں۔
یہ بتاتے چلیں کہ 9 روزہ ایتھلیٹکس مقابلوں میں 104 ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد بھارت میں کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
قبل ازیں رواں سال ہی اگست میں بھارتی سپریم کورٹ نئی دہلی کی حکومت کو کتوں کو ختم کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔