• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزرے ماہ ستمبر میںایک ایسے شخص کی برسی تھی جس نے اپنی ساری زندگی جمہوریت، قانون کی حکمرانی، عدلیہ، میڈیا کی آزادی، آئین کی بالادستی اور انسانی حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں لگائی ۔اس لئے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نوابزادہ نصراللہ خان کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ نوابزادہ نصراللہ خان ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اتحاد، اتفاق اور جمہوری اقدار کی جدوجہد میں بسر کی۔ انہوں نے اقتدار یا ذاتی مفاد کے بجائے ہمیشہ اصول اور نظریے کی سیاست کی۔ ہر دور میں جب آمریت نے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی، نوابزادہ نصراللہ خان سب سے آگے کھڑے نظر آئے۔انہوں نے مختلف سیاسی اتحادوں کی قیادت کی، چاہے وہ ڈیموکریٹک ایکشن کمیٹی ہو، ایم آر ڈی ہو یا اے آر ڈی۔ان کا مقصد ہمیشہ ایک ہی رہا کہ عوام کے ووٹ اور رائے کا احترام ہو اور پاکستان ایک حقیقی جمہوری ریاست کے طور پر ابھرے۔ نوابزادہ نصراللہ خان کا کردار نہ صرف سیاست دانوں کیلئے بلکہ آنیوالی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔لیکن افسوس! اس بار جب ان کی برسی منا ئی گئی تو پاکستان میں جمہوریت کی صورتحال ڈھلمل ہے۔ پارلیمان کمزور ہے، سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات کی اسیر ہیں، عدلیہ پر سوالیہ نشان ہیں، میڈیا دباؤ کا شکار ہے اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور ناانصافی کے بوجھ تلے پس رہے ہیں۔ وہ کہا کرتے تھے کہ جمہوریت کا معیشت سے گہرا تعلق ہے جمہوریت مستحکم ہو گی تو معیشت بھی ٹھیک ہوگی قانون کی حکمرانی ہوگی اور عدلیہ آزاد ہوگی تو معاشرہ بھی ترقی کرے گا۔ نوابزادہ نصراللہ خان کی جدوجہد ہمیں یاد دلاتی ہے کہ یہ ملک شخصیات کے نہیں بلکہ عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے وجود میں آیا تھا۔انہوں نے جنرل ایوب، جنرل ضیاء اور جنرل مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا،اگر آج ہم واقعی ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ آئین کی بالادستی کو تسلیم کریں گے، ووٹ کے تقدس کو یقینی بنائیں گے۔ جمہوریت محض اقتدار کی کرسی کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت، شفافیت، قانون کی حکمرانی اور مساوات کا نام ہے۔آج ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ آخر ہم کب تک نام کی جمہوریت کے سائے میں زندگی گزاریں گے؟ کب تک عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہے گا؟ اور کب ہم وہ پاکستان دیکھیں گے جس کے خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھے تھے؟نوابزادہ نصراللہ خان کی یاد ہمیں بار بار جھنجھوڑتی ہے کہ اصل سیاست اصولوں کی سیاست ہے، اور یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے روشنی کی طرف لے جا سکتا ہے۔نوابزادہ نصراللہ خان نے ساری زندگی اصولوں کی سیاست کی۔آج جب پاکستان کمزور جمہوریت کے سائے میں ہے تو ان کی یاد مزید شدت سے دلوں کو جھنجھوڑتی ہے۔اقتدار کا کھیل وقتی ہے، مگر اصولوں پر ڈٹے رہنے والے ہی تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔ نوابزادہ نصراللہ خان اسی سیاست کا استعارہ ہیں۔اگر آج ووٹ کے تقدس اور آئین کی بالادستی قائم نہیں ہوئی تو نوابزادہ نصراللہ خان کی جدوجہد آنے والی نسلوں کیلئے ایک سوالیہ نشان بنی رہے گی۔سیاست شخصیات کیلئے نہیں، عوام کیلئے ہوتی ہے۔یہی نوابزادہ نصراللہ خان کا پیغام تھا اور یہی پاکستان کی بقا کا راستہ ہے اسکے ساتھ ساتھ مذاکرات اور قومی اتحاد پاکستان کی ضرورت ہے مرحوم تو تنکا تنکا اکٹھا کرتے تھے اور ظالم حکمران کے خلاف ڈٹ جاتے تھے آخری اتحاد اے آر ڈی بھی اسی جذبے سے بنایا تھا جسکی آج بھی ضرورت ہے۔

تازہ ترین