پشاور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ (ن)چارسدہ کے عہدیداروں اورکارکنوں نے گور نر خیبر پختونخوااقبال ظفر جھگڑااوروزیر اعظم کے مشیرامیر مقام سمیت تمام صوبائی قائدین پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے بعض عناصر کی جانب سے گور نر خیبر پختونخواکی کردار کشی کی مذمت کی اور کہاکہ اقبال ظفر جھگڑا بحیثیت گورنر خیبر پختونخوا صوبے میں غریب عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں ۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمسلم لیگ (ن) تحصیل چارسدہ کے صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ اور دیگر عہدیداروں نے کہاکہ اقبال ظفر جھگڑا ایک سینئر سیاستدان ہیں اور پارٹی کے مخلص رہنما ہیں ۔بندوبستی اور قبائلی علاقوں میں ان کو اور ان کے خاندان کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھاجاتاہے جبکہ وزیر اعظم کے مشیرامیر مقام بھی جس طرح لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں وہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے چارسدہ میں کئی ٹرانسفارمرز تبدیل کئے اوریوٹیلیٹی سٹورزکی منظوری بھی دی جس سے مقامی لوگوں کوکافی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ اقبال ظفر جھگڑاپر جھوٹا اور من گھڑت الزام لگانے والا شخص نہ تو لیگی ممبر ہے اور نہ ہی ان سے گورنر کی ملاقات ہوئی ہے بلکہ وہ انہیں جانتاتک نہیں ۔