• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگل میں بالکل تنہا زندگی گزار کر لاکھوں روپے کمانے والا شخص

فوٹو بشکریہ چینی میڈیا
فوٹو بشکریہ چینی میڈیا 

چین میں ایک شخص نے بالکل تنہا 70 دن جنگل میں گزار کر لاکھوں روپے کما لیے۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق  یانگ ڈونگ ڈونگ نامی چینی شخص نے تنہا جنگل میں 70 دن گزارنے کا چیلنج مکمل کرکے ایک لاکھ یوآن  یعنی تقریباََ 40 لاکھ پاکستانی روپے جیت لیے۔

چین کے صوبہ ہونان کے علاقے ژانگ جیاجی میں جولائی میں کیو آئی شنگ (Qixing) پہاڑی جنگل میں رہنے کے چیلنج کا انعقاد کیا گیا۔

اس مقابلے میں پورے چین سے 100 افراد نے حصہ لیا جنہیں صرف ایک چاقو اور بانسوں کے پول کے ساتھ جنگل میں چھوڑ دیا گیا اور پھر ان میں سے منتخب ہونے والے 10 افراد کو 200 گرام نمک اور اسٹین لیس اسٹیل باؤل دیا گیا تاکہ وہ ایک لاکھ یوآن جیتنے کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کرسکیں۔

ان تمام افراد کو بغیر کسی امداد کے جنگل میں رہنے کو کہا گیا اور اس مقابلے کو سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم کیا گیا۔

22 ستمبر کو 33 سالہ یانگ ڈونگ ڈونگ اس مقابلے کے فاتح رہے جو 70 دنوں تک جنگل میں رہ کر زندہ بچنے میں کامیاب رہے۔

اُنہوں نے جنگل میں داخل ہونے کے بعد خشک گھاس، بانسوں اور پتھروں سے ایک پناہ گاہ تیار کی، اپنے کپڑوں کے دھاگوں کو جوڑ کر رسی بنائی اور لکڑی کی مدد سے ایک چھوٹا اسٹول تیار کیا۔

یانگ ڈونگ ڈونگ نے بانسوں کی مدد سے ٹوکریاں بھی تیار کیں تاکہ مچھلی پکڑ سکیں اس کے علاوہ جڑی بوٹیاں اور پھل بھی جمع کیا۔

اُنہوں نے جنگل میں چوہوں اور کیڑوں سے چھٹکارا پانے کے لیے سادہ ٹریپ بھی تیار کیے۔

یانگ ڈونگ ڈونگ کو جنگل میں قیام کے دوران مختلف پودے کھانے سے الٹیاں بھی آئیں مگر پھر بھی وہ بچنے میں کامیاب رہے۔

ان کے لیے جنگل میں قیام کے دوران کم درجہ حرارت سب سے بڑا چیلنج تھا جب کہ شدید بارشیں اور سانپوں کی وجہ سے بھی زندگی مشکل ہوئی تو انہوں نے پودوں سے اپنی پناہ گاہ کو مکمل طور پر بند کیا جبکہ لکڑی کو استعمال کرکے آگ جلائی۔

یانگ ڈونگ ڈونگ جنگل سے باہر نکلے تو ادرک، پھل اور جنگلی سبزیاں ساتھ لے آئے تاکہ گھر کے قریب انہیں کاشت کرسکیں۔

طبی معائنے سے تصدیق ہوئی کہ جنگل میں رہتے ہوئے ان کے وزن میں 15 کلوگرام سے بھی زیادہ کی کمی آئی لیکن اس دوران ان کی صحت متاثر نہیں ہوئی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید