ڈراموں اور فلموں کے کامیاب سپر اسٹار فیصل قریشی، سوشل میڈیا کی اسٹار ربیکا خان اور مزاح کی دنیا کے مقبول فنکار کاشف خان کے اعزاز میں ایک تقریب بعنوان ’’تین ستاروں کے ساتھ‘‘ سجائی گئی۔
اس گنگناتی اور مسکرتی رنگا رنگ شام کا اہتمام لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کراچی کے تحت مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔
تقریب میں ایک جانب مزاحیہ اداکاری کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا، تو دوسری جانب امیر خسرو کا کلام تاج نیازی قوال اور گروپ پیش کر رہا تھا۔
اداکار فیصل قریشی نے رواں برس ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم، دیمک کی شاندار کامیابی کا کیک بھی کاٹا۔
تقریب میں فلموں کے سب سے مقبول ولن لیجنڈری مصطفیٰ قریشی نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ میں نے سادگی کو اپنایا ہے، ڈراموں میں سو سے زیادہ مختلف کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی کوشش کی۔
انھوں نے ناظرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ میرے کام کو سراہتے ہیں۔ فلم دیمک کی کامیابی پر خوش ہوں اور یہ فلم آئندہ ہفتے سے دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے، شاہ زیب خانزادہ کا لکھا ہوا ڈرامہ کیس نمبر 9 کی ابتدائی اقساط کا غیر معمولی رسپانس آیا ہے۔
سوشل میڈیا اسٹار ربیکا خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن میرے لیے بہت یادگار ہے۔پہلی مرتبہ سپر اسٹار فیصل قریشی اور اپنے بابا کاشف خان کے ساتھ اسٹیج شئیر کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے گھر کی سپورٹ اور اپنے کام پر بھرپور توجہ دینا ضروری ہوتا ہے، مجھے کم عمری میں بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ اپنے رب کی شکر گزار ہوں۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ مزاحیہ فنکار کاشف خان نے کہا کہ فیصل قریشی ہماری شو بزنس انڈسٹری کے شاہ رخ خان ہیں۔ انہوں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے نام پیدا کیا۔
سینئیر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ بھارت والے ایک عرصے تک فیصل قریشی کو میرا بیٹا سمجھتے ریے۔
تقریب سے نامور میک اپ آرٹسٹ ثاقب، مرزا اشتیاق بیگ، افضال آدھیہ، اداکارہ انعم تنویر، ڈاکٹر سکندر مطرب، راحیل بیگ اور دیگر نے بھی شوبزنس کے ستاروں کے کام کو سراہا۔ تقریب کی کمپیئرنگ کے فرائض فریال انجم نے انجام دیے۔