پاکستان آج افغانستان پر اہم 7ویں ماسکو فارمیٹ اجلاس میں شریک ہو گا۔ اجلاس میں چین، ایران، افغانستان، بھارت، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان اور تاجکستان بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں افغانستان میں قومی مفاہمت کے فروغ کے لیے ممکنہ اقدامات اور افغانستان اور خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا کے مطابق اجلاس میں بیلاروس کے وفد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماسکو فارمیٹ کا قیام 2016ء میں ایک علاقائی سفارتی اقدام کے طور پر عمل میں آیا تھا۔
یہ فورم دہشت گردی کے خلاف اقدامات، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی ہمدردی سے متعلق مسائل پر مشترکا تعاون اور پالیسی رابطوں کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔