پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد کسی کی ناک رگڑنا نہیں ہے، ہم حکومت کو کسی مہم میں نہیں ڈالنا چاہتے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا حالیہ تنازع شروع کہاں سے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کھڑی رہی اور اقدامات کو سپورٹ کیا، بلاول بھٹو نے قصور اور ملتان کا دورہ کیا اور پنجاب حکومت کی تعریف کی۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے مریم نواز کی تعریف کے ساتھ انہیں مشورہ دیا کہ کسانوں کا سب کچھ بہہ گیا ہے، ان کو کیش گرانٹ دی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کسی سے امداد مانگنے کا مشورہ نہیں دیا تھا، ماضی میں جس حکومت میں بھی آفت آئی کیش گرانٹ بی آئی ایس پی کے ذریعے دی گئی۔
قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ یہ معاملہ ہاتھ سے نکل جائے ہمارا گلہ تو ن لیگ سے ہے، ہمارا مقصد کسی کی ناک رگڑنا نہیں ہے، ہم حکومت کو کسی مہم میں نہیں ڈالنا چاہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ حکومت بناتے وقت جو معاہدہ کیا گیا تھا اس کی کئی شقیں پنجاب حکومت نے نہیں مانیں، اس معاملے پر صوبائی حکومت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ۔
پی پی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کا لہجہ اور باتیں افسوس ناک ہیں، ان ہی کے لہجے اور الفاظ میں جواب دیا تو یہ خاتون وزیراعلیٰ کےلیے بھی مناسب نہیں ہوگا، ہمارے لہجے تلخ ہوجائیں گے تو ہمارے تعلقات بھی تلخ ہوجائیں گے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے نہروں کا معاملہ وفاق کے سامنے اٹھایا اور سوال کیا کہ بتائیں کونسے علاقے کا پانی کاٹ کر نئی نہروں میں دیا جائے گا؟ بعد میں پنجاب حکومت نے وفاق کی بات مان لی اور اس کو آپ پنجاب پر حملہ قرار دے رہے ہیں۔