افضل ندیم ڈوگر...کراچی میں سابق صدر پرویز مشرف کا آرمی ہاؤسنگ اسکیم کلفٹن کا مرکزی رہائشی بنگلہ ضبط ہونے سے بچ گیا ہے۔
ملٹری اسٹیٹ آفیسر کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں داخل کئے گئے جواب کے مطابق یہ زمزمہ اسٹریٹ عسکری ولا نمبر 6 بیٹی کے نام پر ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے کراچی میں پرویز مشرف کے نام تین بنگلوں کی ملکیت کی تصدیق کردی تھی۔ آرمی ہاؤسنگ اسکیم کے مرکزی بنگلے سمیت دو جائیدادوں کی تصدیق کے لئے ملٹری اسٹیٹ آفیسر کو نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا جواب جمعہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ کی عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔
ایڈیشنل ملٹری اسٹیٹ آفیسر کے مطابق آرمی ہاؤسنگ اسکیم کا بنگلہ نمبر 6 پرویز مشرف کی بیٹی عائلہ رضا کے نام ہے۔ ڈی ایچ اے نے ڈیفنس فیز 8 خیابان فیصل پر 1995 گز کا بنگلہ نمبر 172، فیز 8 بیچ اسٹریٹ پر 997 گز کا پلاٹ نمبر 301 ون اور پلاٹ نمبر 301 بی بھی پرویز مشرف کے نام پر ہونے کی تصدیق اسی عدالت میں جمع کرادی تھی۔
عدالتی ذرائع کے مطابق عدالتی ناظر نے بنگلوں کی ملکیت کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے۔ پرویز مشرف کے نام تین جائیدادیں باقائدہ طور پر ضبط کرنے کی کارروائی اس ہفتے میں متوقع ہے۔