• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: قیدی پوتے کی مدد کیلئے جیل جانے کی خاطر بوڑھے شخص نے سپر مارکیٹ لوٹ لی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

فرانس ایک شخص نے نوجوان قیدی پوتے کی مدد کے لیے جیل جانے کی شدید خواہش میں ایک مقامی سپر مارکیٹ میں بندوق کے زور پر ڈکیتی کی اور پھر صبر و سکون سے گرفتاری دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ستمبر کے آخر میں گواڈیلوپ کے شمالی علاقے سینٹ روز میں پیش آیا جہاں 60 سالہ سابق فائر فائٹر جس کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا، وہ منہ پر نقاب پہنے، ہاتھ میں اسلحہ لیے سپر مارکیٹ میں داخل ہوا، جو مقامی پولیس اسٹیشن کے بالکل قریب تھی۔

اس نے کیش رجسٹر میں موجود سارا پیسہ مانگا اور ساتھ ہی پنیر اور ایک بوتل شراب بھی اٹھا لی۔

پھر وہ آہستہ آہستہ اپنی گاڑی کی طرف چل دیا جیسے وہ چاہتا ہو کہ پولیس اسے پکڑ لے، دراصل یہی اس کا مقصد تھا کہ وہ جیل جانا چاہتا تھا تاکہ وہاں قید اپنے پوتے کی مدد کر سکے اور وہ اس مقصد میں کامیاب بھی ہو گیا یعنی پکڑ لیا گیا۔

اس کے وکیل لیہ لی شیویلیئر نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ وہ مایوس تھا، اسے پیسوں میں کوئی دلچسپی نہیں تھی اور وہ صرف جیل جانا چاہتا تھا تاکہ اپنے پوتے سے مل سکے اور کم از کم اس کے ساتھ کچھ وقت گزار سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نے اپنے پوتے کو ملاقات کے کمرے میں دیکھا تھا جس کا ایک دانت ٹوٹا ہوا تھا کیونکہ اسے دوسرے قیدیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

مقدمے میں 60 سالہ شخص پر مسلح ڈکیتی، پرتشدد حملے اور مزاحمت کے الزامات لگائے گئے، عدالت میں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، تاہم اس کا بالکل غیر معمولی کردار اور پس منظر جج اور سبھی لوگوں کے لیے حیران کن تھا۔

جج نے فیصلہ دیا کہ چونکہ اس نے یہ سب مایوسی اور محبت کے جذبے کے تحت کیا اس لیے اسے 3 سے 5 سال قید کی عام سزا نہیں دی جانی چاہیے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق اس شخص کو سپر مارکیٹ کے متاثرین کو ہرجانہ ادا کرنا ہو گا، اپنا نفسیاتی علاج کرانا گا اور اس شاپنگ سینٹر کے قریب نہیں جانا ہو گا جسے اس نے لوٹا تھا، تاہم اب بغیر قیدی بنے اس کا قانونی طور پر اپنے پوتے سے ملاقات کا حق برقرار رہے گا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید