وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل چمن نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 22 ہزار امریکی ڈالر، ساڑھے 24 ہزار سعودی ریال، 1 لاکھ 13 ہزار 760 افغانی اور 4 لاکھ 95 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کو چمن کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان سے موبائل فونز، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی، جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔