وزیرِ اعظم شہباز شریف کل شرم الشیخ میں امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے مصر جائیں گے۔
اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن معاہدے پر دستخط ہوں گے، اجلاس میں برطانوی وزیرِ اعظم، فرانسیسی صدر، جرمن چانسلر اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سمیت کئی اہم ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کو مصر اور امریکا کے صدور نے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر سینئر وزراء بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کا مقصد غزہ کی سنگین صورتِ حال کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر دستخط ہیں۔
یہ اجلاس جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر شروع ہونے والی سفارتی کوششوں کا تسلسل ہے۔
وزیرِ اعظم نے 23 ستمبر کو 7 عرب و اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر سے ملاقات میں امن اقدامات پر بات کی تھی، عرب و اسلامی ممالک نے صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو سراہا تھا جبکہ اس موقع پر غزہ میں دیرپا جنگ بندی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم کی شرکت فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت اور منصفانہ مؤقف کی حمایت کی مظہر ہے، امید ہے کہ شرم الشیخ اجلاس اسرائیلی انخلاء، فلسطینیوں کے تحفظ اور غزہ کی تعمیرِ نو کی راہ ہموار کرے گا۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان دو ریاستی حل پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔