بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کے بارے میں ایک نئی خبر نے شائقین کو حیران کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد ان کے آئی پی ایل سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کی چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
بھارتی اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے آر سی بی کے ساتھ اپنا بزنس کنٹریکٹ 2026 سے پہلے بڑھانے سے انکار کر دیا ہے، رپورٹ کے مطابق کوہلی نے فرنچائز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آئندہ منصوبہ بندی ان کے بغیر یا ان کے برانڈ امیج کے استعمال کے بغیر کرے۔
یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور مداحوں نے یہ سوال اٹھایا کہ کیا ویرات کوہلی واقعی آئی پی ایل کو الوداع کہنے کی تیاری کر رہے ہیں؟
کوہلی 2008 سے رائل چیلنجرز بنگلورو کا حصہ ہیں اور کئی سالوں تک ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔ 2025 میں آر سی بی نے اپنی تاریخ کی پہلی آئی پی ایل ٹرافی جیتی، جو ویرات اور ان کے مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔
تاہم، اب ان کے تازہ فیصلے نے شکوک و شبہات پیدا کر دیے کہ شاید وہ آہستہ آہستہ کرکٹ سے کنارہ کشی کی جانب بڑھ رہے ہیں، ابھی تک نہ ویرات کوہلی اور نہ ہی آر سی بی نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔
ویرات کوہلی پہلے ہی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، جب کہ ان کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے مستقبل پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔