• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: کھلاڑی میچ جیتنے کے فوراً بعد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

تصاویر:بھارتی میڈیا
تصاویر:بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مقامی کرکٹر میچ جیتنے کے چند لمحوں بعد دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جو مرادآباد اور سمبھل کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا۔

میچ کے آخری لمحات انتہائی سنسنی خیز تھے، سمبھل کو جیت کے لیے آخری چار گیندوں پر 14 رنز درکار تھے۔

مرادآباد کے سینئر لیفٹ آرم فاسٹ بولر احمر خان نے شاندار آخری اوور کروا کر اپنی ٹیم کو 11 رنز سے کامیابی دلائی، تاہم جیت کی خوشی کے فوراً بعد میدان میں ایک افسوسناک منظر دیکھنے میں آیا۔

احمر خان نے جب آخری گیند پھینکی تو وہ اچانک زمین پر گر پڑے، عینی شاہدین کے مطابق انہیں سانس لینے میں دشواری محسوس ہوئی، وہ پچ پر بیٹھ گئے اور پھر بیہوش ہو کر گر گئے۔

میدان میں موجود ڈاکٹر نے فوری طور پر سی پی آر (CPR) شروع کیا اور کھلاڑی کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے پہنچتے ہی انہیں مردہ قرار دے دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق احمر خان مرادآباد کے کرکٹ حلقوں میں ایک معروف اور مقبول شخصیت تھے، وہ کئی برسوں سے ویٹرنز کرکٹ سے وابستہ تھے اور اپنی محنت، کھیل سے لگن اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے باعث تمام کھلاڑیوں میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید