کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائن اے سائیڈ پاکستان ہاکی کپ اتوار سےعبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔فاتح ٹیم کو20لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو10لاکھ روپے انعام میں دیئے جائینگے جبکہ گول کرنے والے کھلاڑی کو ہر گول پر پانچ ہزارروپے انعام میں دیئے جائینگے۔اس بات کا اعلان جمعے کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اولمپئن منصور احمد نے پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری فاروق خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہاکی پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپئن نوید عالم بھی موجود تھے۔ منصور احمد نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں قوانین تبدیل کئے گئے ہیں گول پوسٹ کی چوڑائی12 فٹ سے بڑھا کر14 فٹ کردی گئی ہے جبکہ اونچائی سات فٹ ہی رہے گی۔ پینالٹی کارنر کے دوران گول پوسٹ میں چار دفاعی کھلاڑیوں کی تعدادکم کرکے دو کردی گئی اور اٹیکرز کی تعداد کو چار تک محدود کردیا گیا ہے۔