پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے حلف لینے کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔
اسلام آباد میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل دو باتیں ایسی ہوئیں جس کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا، ہائیکورٹ کا وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا فیصلہ بنیادی تھا اس سے آئینی تعطل تھم گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز جو بات کی وہ تاریخی اور سنجیدہ تھی اور میں تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکتا، میں ذاتی طور پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، بلاول کی گفتگو میں دو باتیں انتہائی اہم تھیں۔
اعظم سواتی نے کہا کہ بلاول نے واضح کیا کہ آئین کی پاسداری کریں اور جہاز لے کر جائیں، عدالت کے حکم کی تعمیل کرنے جاؤ، ایسی گفتگو اور سوچ سے ہی ملک اور ادارے آگے بڑھیں گے۔