محکمۂ ماحولیات پنجاب نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ڈی جی محکمۂ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ہوٹلوں، بار بی کیو مقامات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ پنجاب بھر میں کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے تمام ریسٹورنٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈی جی محکمۂ ماحولیات پنجاب نے بتایا ہے کہ تمام ہوٹلز اور بار بی کیو اسٹیشنز کو 15 دن کے اندر سَکشن ہُوڈز لگانے کاحکم دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ کھلی جگہوں پر دھواں، چکنائی، بدبو پھیلانے والے ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
عمران حامد شیخ کے مطابق حکم عدولی کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت فوری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ڈی جی محکمۂ ماحولیات پنجاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں، چیکنگ اور سیلنگ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔