اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس کی عیادت کے لئے مقامی ہسپتال کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے علامہ ناصر عباس کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد بحالی صحت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیرِداخلہ نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ان کے مطالبات کے حل کے لئے پوری کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہو چکا ہے۔ وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ وہ علامہ صاحب کی بیمار پرسی کے ساتھ ساتھ اس لیے بھی آئے ہیں کہ انہیں آمادہ کرسکیں کہ بھوک ہڑتال ختم کرکے باقی ماندہ ایشوز پر بھی ہماری رہنمائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی یکجہتی کے حوالے سے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی مرکزی سیکرٹری سیاست سید اسد عباس نقوی بھی موجود تھے۔