• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوفناک مگر دلکش تصویر نے وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کا ایوارڈ جتوادیا

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

نمیبیا میں ایک قصبے میں کھڑے نایاب بھورے رنگ کے لکڑبھگے (Hyena) کی تصویر نے فوٹوگرافر کو وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2025 کا اعزاز جتوادیا۔

یہ تصویر جنوبی افریقی فوٹوگرافر وِم وین ڈین ہیور نے کولمانسکوپ کے قصبے میں لی تھی، اس تصویر کا عنوان Ghost Town Visitor (آسیبی علاقے کا ملاقاتی) رکھا گیا، منتظمین کے مطابق یہ تصویر دس سال کی محنت اور کیمرا ٹریپ ٹیکنالوجی کے استعمال کا نتیجہ ہے۔

یہ نایاب تصویر 60 ہزار 636 اندراجات میں سے چُنی گئی، اس میں ایک بھورا لکڑبھگا دکھائی دیتا ہے جو دنیا کی سب سے نایاب لکڑبھگوں کی نسل سے تعلق رکھتا ہے، یہ لکڑبھگے رات کو نکلنے والے اور تنہا رہنے والے جانور ہوتے ہیں، اسی لیے فوٹوگرافر نے ان کے نشانات دیکھ کر علاقے میں کیمرا ٹریپ نصب کیے تھے۔

جیوری ممبر کیتھی موران نے اس تصویر کے بارے میں کہا کہ یہ دیکھنا حیران کن ہے کہ کس طرح جنگلی حیات نے انسانوں کے چھوڑے ہوئے قصبے کو دوبارہ اپنا مسکن بنا لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کتنا موزوں ہے کہ یہ تصویر ایک ’گھوسٹ ٹاؤن‘ میں لی گئی ہے، اسے دیکھ کر ایک سنسنی سی محسوس ہوتی ہے، جیسے یہ واقعی لکڑبھگے کی دنیا ہو۔

جیوری ممبر اکانکشا سود سنگھ نے کہا کہ یہ تصویر ایک خوفناک مگر پُرکشش امتزاج ہے۔

دوسری جانب، اطالوی فوٹوگرافر آندریا دومینیزی نے ینگ وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ جیتا، جو 17 سال سے کم عمر فوٹوگرافروں کے لیے مخصوص ہے، ان کی تصویر After the Destruction میں ایک لانگ ہارن بیٹل کو دکھایا گیا ہے جو ترک شدہ لکڑی کے مشینری کے اوپر کھڑا منظر دیکھ رہا ہے۔

مزید برآں، برازیل کے فوٹوگرافر فرنینڈو فاسیولے (Fernando Faciole) نے امپیکٹ ایوارڈ جیتا، اس سال جیوری نے مختلف زمروں میں 19 تصاویر کو فاتح قرار دیا ہے، جو جمعہ کو لندن کے نیشنل ہسٹری میوزیم میں نمائش کا حصہ ہوں گی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید