خیبر پختونخوا حکومت نے محکموں کو 23 ارب 77 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق فنڈز مالی سال26-2025 کی دوسری سہ ماہی کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ فنڈز تعلیم، صحت اور روڈ سیکٹرز کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے لیے 2 ارب 47 کروڑ 63 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 3 ارب 1 کروڑ 46 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے لیے 64 کروڑ 85 لاکھ 94 ہزار روپے جاری ہوئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کی دستاویز کے مطابق زراعت کے لیے 80 کروڑ 86 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ اوقاف کے لیے 20 کروڑ 33 لاکھ، بورڈ آف ریونیو کو ساڑھے 15کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
پینے کے صاف پانی و صفائی کے لیے 72 کروڑ 63 لاکھ روپے، محکمہ توانائی و بجلی کے لیے 46 کروڑ 83 لاکھ روپے، محکمہ خزانہ کے لیے 58 کروڑ 34 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کے لیے 9 کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ محکمہ ماحولیات کے لیے 14 کروڑ 61 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق فلیگ شپ اسکیموں سے فنڈز کی منتقلی پر پابندی عائد کردی گئی ہے، ترقیاتی فنڈز صرف منظور شدہ منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔