ایک عارضی طور پر گود لی گئی بلی وینڈی نے چولہے پر پک رہے کھانے کے برتن میں ایک مرا ہوا چوہا گرا دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا میں جانوروں کے ریسکیو اہلکاروں نے سیکیورٹی کیمرے کی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ لمحہ قید ہو گیا جب ایک بلی نے باورچی خانے میں پکنے والے رات کے کھانے میں مرا ہوا چوہا شامل کر دیا۔
سوشل میڈیا پر باورچی خانے میں نصب ہوم سیکیورٹی کیمرے سے لی گئی تصاویر سامنے آئی ہیں جن میں بلی وینڈی کو چولہے پر پک رہے کھانے کے برتن میں مرا ہوا چوہا گراتے ہوئے بخوبی دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ کچن میں موجود کیمرے نے بلی وینڈی کو کھانے میں چوہے کو شامل کرتے ہوئے پکڑ لیا۔
وینڈی کی مالکن کا مزاحیہ انداز میں کہنا ہے کہ جب باورچی خانے کے کیمرے نے بلی کی کھانا پکانے کی کوشش کو ریکارڈ کیا، تو میں باہر اپنے کتوں کو کھانا کھلا رہی تھی، تاہم جب باورچی خانے میں واپس آئی تو بلی کے مشکوک رویے کی وجہ سے میں نے کیمرے کی فوٹیج چیک کی اور وینڈی کی طرف سے برتن میں چھوڑا گیا حیرت انگیز تحفہ دریافت کیا اور اس کے بعد اس رات کا کھانا باہر سے منگوایا گیا۔