آسٹریلیا کی خاتون پولیس افسر جیڈ ہینڈرسن (Jade Henderson) نے اپنی غیر معمولی فٹنس کے ذریعے دنیا بھر کے لوگوں کو حیران کر دیا، انہوں نے ایک گھنٹے میں 733 پل اپس کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
32 سالہ جیڈ ہینڈرسن نے تقریباً 10 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑا، جو اس سے قبل ایک اور آسٹریلوی خاتون ایوا کلارک نے 2016ء میں 725 پل اپس کر کے قائم کیا تھا۔
جیڈ ہینڈرسن نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے یہ ریکارڈ بنانے کی تیاری اس لیے شروع کی کیونکہ مجھے وہ کام کرنے کا شوق تھا جو کسی نے پہلے نہ کیا ہو، میں یہ جاننا چاہتی تھی کہ میرا جسم اور دماغ کہاں تک جا سکتا ہے۔
ابتدائی طور پر ہینڈرسن نے 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ پل اپس کرنے کا ریکارڈ توڑنے کا ارادہ کیا تھا، جو اس وقت ایک اور آسٹریلوی خاتون اولیویا ونسن کے پاس ہے جنہوں نے 7,079 پل اپس کیے تھے۔
تاہم ٹریننگ کے دوران جیڈ کے بازو کے پٹھے متاثر (bicep tear) ہونے کی وجہ سے انہیں اپنا منصوبہ بدلنا پڑا۔
زخم سے صحت یابی کے لیے انہیں تقریباً چھ ہفتے آرام کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ ایک گھنٹے کا ریکارڈ بنانے کی کوشش کریں گی تاکہ مزید چوٹ سے بچا جا سکے۔