پشاور کی احتساب عدالت میں اپر کوہستان مالی اسکینڈل میں گرفتار ٹھیکیدار کو پیش کر دیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو مزید 6 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کو کوہستان کرپشن اسکینڈل میں حراست میں لیا گیا تھا، ملزم پہلے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دورانِ تفتیش پتہ چلا کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں بھاری رقم منتقل ہوئی ہے، ملزم کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بھی نکل آئے ہیں۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ گرفتار دیگر ملزمان کی نشاندہی پر نیب نے ملزم کو تحقیقات میں شامل کیا، ملزم روپوش تھا، اب اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، مزید جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے۔
پشاور کی احتساب عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 6 روز کی توسیع کر دی۔