وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے قافلے پر حملہ جمہوری جدوجہد پر بڑا وار تھا۔
وزیر اعلیٰ سند نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی پر اپنے بیان میں کہا کہ 150 سے زائد جیالوں نے جان کا نذرانہ دے کر جمہوری جدوجہد کو امر کردیا جبکہ 450 سے زائد زخمی جیالے بھی جمہوری جدوجہد میں پی پی کی روایتوں کے امین بنے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے پوری زندگی جمہوریت کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ جمہوری جدوجہد میں ہی شہید محترمہ نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا اور ملک میں جمہوریت کا سورج ہمیشہ کے لیے طلوع کیا۔
انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان کے شہید کارکنوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر جمہوری جدوجہد کو آگے بڑھایا۔
ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو سانحہ کارساز کے شہداء کی جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ شہید محترمہ کی جمہوری جدوجہد کے قائد ہیں، یہ جدوجہد رکی نہیں۔