بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا ایئر پورٹ کے کارگو ٹرمینل پر آگ لگ گئی، جس کے بعد تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔
آج دوپہر حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو ایریا میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے باعث تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
بنگلادیش ایئر لائنز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی بنگلادیش (سی اے اے بی) کے ترجمان کوثر محمود کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر رپورٹ ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ بنگلا دیش آرمی، ایئر فورس اور دیگر اداروں کے فائر فائٹرز نے فوری طور پر مشترکہ کارروائی شروع کر دی ہے۔
فائر سروس کے ترجمان طلحٰہ بن جاسم کے مطابق ہیڈکوارٹر سے اطلاع موصول ہونے کے بعد 25 فائر یونٹس کو جائے وقوع پر بھیج دیا گیا، جبکہ بنگلادیش نیوی کی امدادی ٹیمیں بھی کارروائی میں شریک ہیں۔
احتیاطی اقدام کے طور پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں اور طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، آگ فی الحال کارگو ولیج ایریا میں لگی ہوئی ہے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق کئی پروازوں کو دوسری جگہوں پر موڑ دیا گیا ہے۔