الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی الیکشن کے لیے حلقہ بندیوں اور ڈی مارکیشن رولز کے لیے 4 ہفتے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ای سی پی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی 2025ء کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔
اعلامیے کے مطابق ای سی پی نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں سابق قانون کے تحت دیا گیا حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لینے اور پنجاب حکومت کو حلقہ بندی اور ڈی مارکیشن رولز کےلیے 4 ہفتے دینے کے فیصلے کیے گئے۔
ای سی پی اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا کہ اس مدت میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا، پنجاب حکومت نے 4 ہفتے میں کام مکمل نہ کیا تو معاملہ سماعت کے لیے مقرر ہوگا۔
اسپیشل سیکریٹری نے کہا کہ نئے قانون کے بعد سابق قانون پر حلقہ بندیاں الیکشن ایکٹ سیکشن219کے منافی ہوگی، پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری کے بعد گورنر نے توثیق کردی ہے۔