ترکی میں ایک انوکھا مقدمہ اُس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے ساتھ طلاق کے معاہدے میں دو بلیوں کی دیکھ بھال کے لیے ہر 3 ماہ بعد 10 ہزار لیرا (تقریباً 240 امریکی ڈالرز) ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
استنبول کے رہائشی بوغرا بی نے اپنی اہلیہ ایزگی بی سے باہمی رضامندی کے ساتھ طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں فریقین نے ایک دوسرے سے کسی قسم کا مالی معاوضہ یا گزر بسر الاؤنس طلب نہیں کیا، تاہم انہوں نے طلاق کے کاغذات میں ایک منفرد شق شامل کی، جو مستقبل میں پالتو جانور رکھنے والے جوڑوں کے مقدمات کے لیے ایک مثال بن سکتی ہے۔
طلاق نامے میں طے پایا ہے کہ بوغرا بی کی ملکیت میں موجود دو بلیاں ایزگی بی کے پاس رہیں گی، وہ ہر 3 ماہ بعد بلیوں کی نگہداشت کے اخراجات کے لیے 10 ہزار لیرا ادا کریں گے۔
ترکی میں اس منفرد معاہدے کو پہلے ہی ’الاؤنس کی نئی قسم‘ قرار دیا جا رہا ہے، جو طلاق کے بعد پالتو جانوروں کی مالی کفالت سے متعلق مقدمات کے لیے ایک نئی قانونی نظیر بن سکتا ہے۔