وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھارتی اہم منصب وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تقریر کا جواب دے کر بھارت کی توپوں کو خاموش کردیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کے بروقت جرأت مندانہ خطاب نے پاکستان کے اصولی موقف کو واضح کیا ہے، ان کے اس خطاب سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وٹفورڈ کمیونٹی رہنمائوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانیز اوورسیز ویلفیئر کونسل لندن گریٹر کے چیف آرگنائزر امجد امین بوبی نے اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزارئے داخلہ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تقریر کو حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ امجد امین بوبی نے کہا کہ درحقیقت بھارت کے حکمران سارک فورم پر اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کی تنگ نظری کے باعث سارک سربراہ فورم اپنے بنیادی مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اب سارک کے رکن ممالک پر ذمہ داری عائد ہوئی کہ وہ بھارت کو سارک کانفرنس سے نکالنے کے لیے سارک کے ممبر ممالک کا فوری اجلاس بلایا جائے۔ بھارت کی منفی سرگرمیوں کے باعث بھارت کی سارک ممالک سے رکنیت ختم کی جائے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے مرکزی رہنما پروفیسر لائق علی خان نے کہا وفاقی وزیر نے بروقت جواب دے کر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم کو جرأت کے ساتھ اجاگر کیا ہے۔ جوکہ کشمیریوں کے اصولی موقف کی فتح ہے۔ کشمیری عوام نے ان کے جرأت مندانہ بیان کو خوش آئند قرا ردیا ہے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برانچ کے سینئر نائب صدر محمد سعید چوہدری نے وفاقی وزیر چوہدری نثار کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے بھارت کے حکمران دہشت گردی کی آڑ میں تحریک کو دبانا چاہتے ہیں۔ بھارت کے اس منافقانہ رویے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اقوام متحدہ ایسے ملک پر سفارتی ،اقتصادی پابندیاں لگائے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نہیں مانتا۔