برطانیہ کی لُوٹن کونسل میں کنزرویٹو گروپ کے لیڈر کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کمیونٹی میں آتش بازی کے غیر ذمے دارانہ استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و سکون برقرار رکھنے کے لیے ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔
ایک مقامی مسجد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ گھروں پر موجود عوام رات گئے آتش بازی کے شور سے شدید پریشان ہیں، جو ناصرف ان کے آرام و سکون میں خلل ڈالتی ہے بلکہ کمزور اور حساس افراد کے لیے بھی اذیت کا باعث بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آتش بازی صرف شور کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ بزرگوں، نیورولوجیکل مسائل سے دوچار افراد اور پالتو جانوروں کے لیے بے چینی اور خوف کا سبب بنتی ہے۔
کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے زور دیا کہ شہری آتش بازی کے غلط استعمال کی شکایات مقامی حکام تک پہنچائیں تاکہ اجتماعی طور پر عوامی تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مقامی نمائندوں اور پولیس کے ساتھ تعاون سے ہم مؤثر اقدامات کر سکتے ہیں، ہماری ترجیح ہمیشہ کمیونٹی کی سلامتی اور سکون ہونی چاہیے۔
کونسلر راجہ اسلم خان نے کہا کہ آتش بازی کی وجہ سے شفٹ میں کام کرنے والے افراد نیند سے محروم ہو رہے ہیں، جس سے ان کی صحت اور ذہنی سکون متاثر ہو رہا ہے، یہ غیر سماجی رویہ پورے شہر کو متاثر کر رہا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم آگاہی پیدا کریں اور پولیس و مقامی حکام سے قانون کے بہتر نفاذ کا مطالبہ کریں۔
اجتماع میں شریک کمیونٹی رہنماؤں اور مسجد کے منتظمین نے کونسلر خان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے اور آتش بازی کے ذمے دارانہ استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، خصوصاً رات کے اوقات میں۔
اجتماع میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اراکینِ پارلیمنٹ کو قانون سازی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ پولیس کو مزید اختیارات اور وسائل فراہم کیے جا سکیں اور آتش بازی کے غلط استعمال کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔