طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے الزام لگایا ہے کہ امریکی ڈرون پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
افغان میڈیا کو انٹرویو میں ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ خطے میں بےامنی پھیلانے کے لیے وہ عالمی طاقتیں براہِ راست نہیں بلکہ دوسروں کو استعمال کرتی ہیں، ہم کسی بھی سازش کے خلاف ڈٹے ہیں اور خطے میں گمراہ کُن عزائم کو حقیقت نہیں بننے دیں گے۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد کا کہنا تھا کہ دوحا اور استنبول میں ہونے والی ملاقاتوں میں پاکستان کا مطالبہ تھا کہ ٹی ٹی پی ان کے لیے مسئلہ ہے اور اسلامی امارت کو ٹی ٹی پی کو کنٹرول میں رکھنا چاہیے، ہم نے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیکن اب پاکستان کا مطالبہ ہے کہ ٹی ٹی پی کو پاکستان کے اندر کنٹرول کریں، یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں۔