• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشمیکا اور وجے کی خفیہ منگنی کی بازگشت پھر تیز

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنے مبینہ منگیتر اور معروف اداکار وجے دیوراکونڈا کے ساتھ تعلقات کی خبروں کو ایک مرتبہ پھر ہوا دے دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دونوں اسٹارز نے 3 اکتوبر کو ایک نجی تقریب میں منگنی کر لی ہے جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور دوست شریک تھے۔

رشمیکا نے حال ہی میں اداکار جگاپتی بابو کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے ہاتھوں میں پہنی چمکتی ہوئی انگوٹھیاں دکھا کر مداحوں کے تجسس کو مزید بڑھا دیا۔

شو کے پرومو میں جگاپتی بابو نے رشمیکا سے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وجے دیوراکونڈا کے دوست، وجے سیتھوپتھی کی فین اور تھلاپتھی وجے کی ہمیشہ مداح؟ لگتا ہے آپ کے پاس وجے بھی ہے اور ’وجے‘ (کامیابی) بھی!

اسی دوران جگاپتی نے انگوٹھیوں کے بارے میں پوچھا کہ کیا ان کی کوئی جذباتی اہمیت ہے؟ جس پر رشمیکا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ سب انگوٹھیاں میرے لیے بہت اہم ہیں۔

جگاپتی نے فوراً کہا لیکن ان میں سے ایک ضرور تمہاری پسندیدہ ہوگی، جس کی اپنی ایک کہانی ہے۔ یہ سن کر رشمیکا صرف مسکرا دیں اور مداحوں کا شک یقین میں بدل گیا۔

ذرائع کے مطابق رشمیکا اور وجے نے خاموشی سے منگنی کرلی ہے اور اب دونوں کی شادی فروری 2026 میں متوقع ہے۔ رشمیکا نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ساڑھی پہنے اور ماتھے پر تلک لگائے تصاویر شیئر کیں جن کے بعد منگنی کی افواہیں زور پکڑ گئیں۔

رشمیکا اور وجے کے درمیان تعلقات کی خبریں جنوری 2023 میں اس وقت سامنے آئیں جب دونوں کو مالدیپ میں چھٹیوں کے دوران ایک ساتھ دیکھا گیا۔ اس کے بعد یہ جوڑی کئی بار مختلف تقریبات میں ساتھ نظر آئی۔


رپورٹس کے مطابق رشمیکا نے وجے کے خاندان کے ساتھ اپنی فلم پُشپا 2 دیکھی، جبکہ رواں سال اپنا 29واں جنم دن عمان میں منایا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگلے ہی دن وجے نے بھی اسی مقام کے پس منظر میں اپنی تصاویر شیئر کیں اور مداحوں نے فوراً سمجھ لیا کہ یہ صرف اتفاق نہیں، بلکہ محبت کا اعلان ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید