گریٹر مانچسٹر پولیس نے مانچسٹر ایئرپورٹ پر تقریباً 20 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا سونا اور زیورات ضبط کرلیے، یہ مانچسٹر پولیس کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی سونا ضبطی قرار دی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے 30 اکتوبر کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر ایک مشکوک گاڑی کو روکا جس سے 7 سونے کی اینٹیں برآمد ہوئیں جس کی مالیت تقریباً 7 لاکھ پاؤنڈ بتائی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے بعد دو مشتبہ افراد، جن کی عمریں 49 اور 45 سال ہیں، کی نشاندہی کی گئی، دونوں افراد کو پیر کی شب برطانیہ واپسی پر گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان اب بھی حراست میں ہیں جبکہ منی لانڈرنگ کے شبہ میں تحقیقات جاری ہیں۔
مزید تلاشی کے دوران پولیس کو ایک لاکھ پاؤنڈ مالیت کا اضافی سونا اور زیورات بھی ملے، جبکہ بریڈفورڈ (ویسٹ یارکشائر) میں واقع ایک رہائشی مقام سے 60 ہزار پاؤنڈ کے سونے کے بسکٹ، 30 ہزار پاؤنڈ مالیت کی گھڑی اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے اکنامک کرائم یونٹ کی افسر، ڈیٹیکٹو انسپکٹر سارہ لینگلے نے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد ہم نے منی لانڈرنگ کی تفتیش شروع کردی ہے اور اس سے متعلق تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی بڑی برآمدگی یقیناً توجہ کا مرکز بنتی ہے اور ہمارے ماہر افسران اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ یہ سونا اور زیورات ملک میں کیوں لائے جارہے تھے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو فوراً رابطہ کریں تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔