بھارت میں ایک تخلیقی آٹو ڈرائیور نے اپنی تین پہیوں والی عام سواری کو اس انداز میں تبدیل کر دیا کہ لوگ اسے لگژری آٹو کہنے لگے۔
یہ انوکھا کارنامہ مہاراشٹر کے ضلع امراوتی کے علاقے بدنیرا کے ایک آٹو ڈرائیور نے انجام دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ کوئی عام رکشہ نہیں، ڈرائیور نے اپنے آٹو کو مکمل طور پر نئی شکل دی ہے، جس میں اے سی، پاور ونڈوز، کنورٹیبل سیٹیں اور انفوٹینمنٹ سسٹم جیسی سہولیات شامل ہیں۔
آٹو میں چار دروازے بھی لگائے گئے ہیں، جس سے یہ ایک کار جیسا لگتا ہے۔
آرام کے لحاظ سے بھی یہ منفرد ہے، پچھلی سیٹ بستر میں تبدیل ہو جاتی ہے، جو طویل سفر کے لیے نہایت موزوں ہے، ساتھ ہی پچھلے حصے میں سامان رکھنے کی جگہ بھی دی گئی ہے، جو عام رکشوں میں نہیں ہوتی۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے آٹو ڈرائیور کی تخلیقی صلاحیت کی بھرپور تعریف کی ہے، ایک صارف نے لکھا کہ ایلون مسک، یہ کمال ضرور دیکھیں، جبکہ دوسرے نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کیا آپ اسے اویو روم میں بدلنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟
کئی صارفین نے اس لگژری آٹو کا موازنہ کئی مہنگی اور قیمتی گاڑیوں سے بھی کیا۔