بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے ظہران ممدانی کو نیو یارک سٹی کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
بدھ کے روز 75 سالہ ورسٹائل اداکارہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک طویل نوٹ لکھا اور ظہران ممدانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے نوٹ میں ظہران ممدانی کی کامیابی کو سراہا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ظہران ممدانی کے بارے میں منفی باتیں پھیلانے پر کڑی تنقید کی۔
انکا کہنا تھا کہ ظہران ممدانی کی جیت پر میں بے حد خوش ہوں اور ایسا صرف اس لیے نہیں کہ وہ میرا نائر اور محمود ممدانی کے بیٹے ہیں، بلکہ اس لیے بھی کہ ظہران ممدانی سماجی انصاف کی امید کی نمائندگی کرتے ہیں۔
دریں اثنا نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کو سابق امریکی صدور بل کلنٹن اور بارک اوبامہ سمیت اہم شخصیات نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
واضح رہے کہ 34 سالہ ظہران ممدانی نے گزشتہ روز ہونے والے میئر کے الیکشن میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور یکم جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے۔
ظہران ممدانی کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دینے والوں میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن، لندن کے میئر صادق خان، بھارتی ہدایتکارہ زویا اختر (شبانہ اعظمی کی سوتیلی بیٹی)، برطانوی پارلیمنٹ کی رکن زہرہ سلطانہ، نیو یارک سٹی کونسلر شہکر کرشنن اور نامور بھارتی سیاستدان اور سفارتکار ششی تھرور بھی شامل ہیں۔