بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا ہے کہ شاہ رخ خان کے مقابل فلم ’ڈر‘ پہلے مجھے آفر ہوئی، جس کے کچھ سین عکاس بند بھی کیے لیکن پھر چھوڑ دی۔
فلم ڈر 1993ء میں ریلیز ہوئی، یہ شاہ رخ خان کو اسٹار بنانے والی فلموں میں سے ایک ہے، جس میں ان کے مقابل کردار جوہی چاولہ اور سنی دیول نے نبھایا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 53 سالہ روینہ ٹنڈن نے انکشاف کیا کہ فلم ڈر میں ’کرن‘ کا کردار پہلے مجھے آفر ہوا، کچھ مناظر کرنے کے بعد میں نے خود کو اس کردار میں کمفرٹیبل محسوس نہیں کیا تو فلم چھوڑ دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح1991ء میں فلم’ پریم قیدی‘ بھی آفر ہوئی، جو بعد میں کرشمہ کپور کی پہلی فلم بنی، لیکن اس فلم کو کچھ نامناسب سین کے باعث ٹھکرا دیا تھا۔
روینہ ٹنڈن نے یہ بھی کہا کہ وہ ابتدائی دنوں میں جسمانی قربت یا بولڈ مناظر کی عکاس بندی سے گریز کرتی تھیں، وہ مغرور نہیں تھیں بس اپنی حدود میں رہنا پسند کرتی تھیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی شرائط اور اصولوں پر فلمی کیریئر بنایا، آج خود کو بالی ووڈ کی کامیاب اداکاراؤں میں سے ایک سمجھتی ہوں۔