ملتان (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سمندر پارپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے اور 2018کے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ووٹ کاسٹ کرنے کا انتظام کرے ۔90لاکھ اوور سیز پاکستانی اسلام اور پاکستان کے سفیر ہیں انہیں مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی قراردادوں سے آگاہ کرنا چاہئے ۔اوور سیز پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کے بجائے اپنا سرمایہ ملک میں لگائیں انہیں کرپشن اور کرپٹ نظام کے خاتمہ کی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے نجات دلانے کیلئے اپنے کاروبار پاکستان میں منتقل کریں ۔سینیٹر سراج الحق نے مسیحی پیشوا پوپ فرانسس کے اسلام کے بارے میں مثبت تاثرات پر کہاکہ پوپ نے حقیقت کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے وسیع پیمانے پر خراج تحسین پیش کیا جارہاہے لیکن امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ جیسے کچھ لوگ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف دشنام طرازی کررہے ہیں اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن و آشتی اور عدل و انصاف کاعلمبردار دین ہے ،اس کے روشن چہرے کو مسخ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت احتساب کیلئے تیار نہیں اور محض بیانات سے وقت کو ٹال رہی ہے ،لیکن کرپشن کے ڈسے ہوئے عوام حکومت کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے ۔حکومت کوعوام کے مطالبے کے سامنے سرجھکانا اور کمیشن بنانا پڑے گا۔