بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک خاتون نے سنار کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہوئے اس کی آنکھوں میں سرخ مرچیں ڈال دیں، دکاندار نے خاتون کو پکڑ کر اس کی خوب پٹائی کی۔
3 نومبر کو گجرات میں ایک خاتون زیورات کی دکان میں لوٹ مار کرنے کی نیت سے داخل ہوئی، مگر الٹا دکاندار کے ہاتھوں زبردست مار کھا بیٹھی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون جس نے دوپٹہ سے چہرہ چھپا رکھا تھا، گاہک بن کر سونا چاندی کی دکان میں داخل ہوئی۔ کچھ دیر بعد اس نے اچانک دکاندار کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر پھینکنے کی کوشش کی تاکہ اسے لوٹا جا سکے، مگر مرچ پاؤڈر اس کی آنکھوں تک نہیں پہنچا۔
دکاندار نے فوراً صورتحال کو بھانپ لیا اور محض 25 سیکنڈ میں خاتون کو تقریباً 20 تھپڑ جڑ دیے، پھر کاؤنٹر پر چڑھ کر اسے دکان سے باہر گھسیٹتے ہوئے مارتا رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار نے اس واقعے پر کوئی شکایت درج کروانے سے انکار کر دیا ہے۔ تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر خاتون کی شناخت کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔
احمد آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے دکاندار سے دو بار ملاقات کرکے شکایت درج کروانے کی درخواست کی، لیکن وہ اس معاملے میں کوئی مقدمہ نہیں کرنا چاہتا۔ دکاندار کا تحریری بیان لے لیا گیا ہے، تاہم فوٹیج کی بنیاد پر خاتون کی تلاش جاری ہے۔