• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: خاتون نے بائیک رائیڈر کے نامناسب انداز میں چھونے کی ویڈیو شیئر کردی

اسکرین گریب : انسٹاگرام
اسکرین گریب : انسٹاگرام 

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں بائیک رائیڈر کی جانب سے خاتون کو دوران سفر نا مناسب انداز میں چھونے اور ہراساں کرنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے آن لائن بائیک سروس کے رائیڈر کی جانب سے مبینہ طور پر ہراسانی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد اپنی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد ان کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

خاتون نے بتایا کہ ڈرائیور نے انہیں غیر مناسب انداز میں اشارہ کیا اور ایسا برتاؤ کیا جس سے وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرنے لگیں۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ میں نے اسے واضح طور پر کہا کہ وہ ایسا دوبارہ نہ کرے، لیکن جاتے وقت اس نے ایسا اشارہ کیا کہ میں مزید خوفزدہ ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کہانی اس لیے شیئر کر رہی ہیں تاکہ دوسری خواتین بھی با اختیار ہوں، میں یہ اس لیے لکھ رہی ہوں کہ کسی بھی عورت کو ایسی صورتحال سے نہیں گزرنا پڑے، نہ کیب میں، نہ بائیک پر، نہ کہیں اور۔

خاتون کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب میرے ساتھ ایسا ہوا ہو، لیکن آج میں خاموش نہیں رہ سکی کیونکہ میں واقعی بہت غیر محفوظ محسوس کر رہی تھی۔ براہِ کرم ہوشیار رہیں، اپنے احساسات پر بھروسہ کریں اور خاموش نہ رہیں۔

وائرل ویڈیو کے بعد بنگلورو سٹی پولیس نے خاتون سے واقعے کی تفصیلات، مقام اور رابطے کی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ باضابطہ تحقیقات شروع کی جا سکیں۔

دوسری جانب بائیک رائیڈز کمپنی کی انتظامیہ نے بھی معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے کیپٹن کے رویے نے آپ کو تکلیف پہنچائی۔ آپ کی حفاظت اور آرام ہماری اولین ترجیح ہے۔ براہِ کرم ہمیں اس واقعے کی مکمل جانچ کے لیے کچھ وقت دیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید