بھارت میں ڈیلیوری بوائے نے خاتون کو نامناسب انداز میں چھوکر ہراساں کرنے کی کوشش کی، متاثرہ خاتون نے معاملہ سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔
ممبئی میں ایک خاتون نے ڈیلیوری بوائے پر نازیبا انداز میں چھونے اور ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیلیوری کے دوران لڑکے نے ان کے جسم کو ہاتھ لگایا۔
متاثرہ خاتون نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ آج میرے ساتھ ہوا جب میں نے ایپ کے ذریعے کمپنی کو آرڈر کیا تو ڈیلیوری بوائے نے میرا ایڈریس دوبارہ پوچھا اور پھر مجھے نازیبا طور پر چھوا، یہ ناقابلِ قبول ہے، خواتین کی حفاظت کیا مذاق ہے؟
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیلیوری بوائے جو اپنی کمپنی کے یونیفارم میں ملبوس ہے، خاتون کو پارسل دیتا ہے اور پیسے لیتا ہے، جب وہ بقایا رقم واپس کرتا ہے تو اس کے ہاتھ خاتون کے جسم کو چھوتے ہیں، جس پر خاتون فوراً پارسل اپنے سامنے کر لیتی ہیں۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے کمپنی کو ابتدائی طور پر لڑکے کی شکایت کی جسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، مگر جب میں نے ویڈیو ثبوت پیش کیا تو کمپنی نے متعلقہ ڈیلیوری بوائے کا معاہدہ منسوخ کر کے اسے پلیٹ فارم سے مستقل طور پر خارج کر دیا۔
دوسری جانب ممبئی پولیس نے بھی خاتون کی پوسٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم نے آپ کو فالو کر لیا ہے، براہِ کرم اپنا رابطہ نمبر اور دیگر تفصیلات ان باکس میں شیئر کر دیں۔