لاہور میں داتا دربار توسیعی منصوبے کے تحت 30 سال سے قائم پرندہ مارکیٹ بھی گرا دی گئی۔
دکانداروں نے الزام لگایا ہےکہ رات کے وقت دکانیں گرانے سے ان کے کئی قیمتی پرندے اور جانور بھی ملبے تلے آکر مر گئے ہیں۔
تاہم ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا اور ترجمان ایل ڈی اےنے اس الزام کی تردید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ آپریشن سے قبل سامان اور پرندے بحفاظت منتقل کر دیے گئے تھے۔
لاہور کا علاقہ بھاٹی گیٹ جہاں محکمہ اوقاف کی زمین پر 30 سال سے پرندہ مارکیٹ بھی قائم تھی، 2 دن پہلے رات کے وقت داتا دربار توسیعی منصوبے کے تحت کیے گئے آپریشن میں یہ دکانیں گرا دی گئیں۔
دکانداروں کے مطابق ایل ڈی اےاور ٹیپا نے بغیر کسی نوٹس کے اچانک آپریشن کیا، جس سے ان کےکئی قیمتی پرندے اور جانور بھی ملبے تلےآ کر مر گئے۔
جانوروں سے پیار کرنے والے افراد سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر پریشان ہوگئے ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ دکانداروں کو پرندے نکالنےکا وقت تو دینا چاہیے تھا۔